آنے والے دن اچھی خبر نہیں دے رہے:مقررین

آنے والے دن اچھی خبر نہیں دے رہے:مقررین

لاہور(کامرس رپورٹر)آنے والے دن اچھی خبر نہیں دے رہے، جو پہلے سے ٹیکس دے رہے ہیں ان پر مزید بوجھ لادا جا رہا ہے۔۔۔

ایک عام شہری جو بجلی کا 12 سے 13 ہزار روپے بجلی کا بل دیتا ہے اس میں اصل قیمت 8 ہزار روپے جبکہ باقی تمام ٹیکسز ہیں اور کہا جاتا ہے عوام ٹیکسز نہیں دیتے، آئندہ مالی سال کیلئے 3800 ارب روپے زائد اضافی ٹیکس ہدف رکھا گیا ہے لیکن یہ نہیں بتایا گیا یہ کہاں سے اکٹھا کیا جائے گا، ایف بی آر کو صرف انفورسمنٹ کا ہنر آتا ہے جو بگاڑ کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہر امور ٹیکس و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن لاہور اسحاق بریار، صدر آئی ایل اے ونائب صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن عاشق علی رانا ،جنرل سیکرٹری ملک جلیل اعوان، سینئر نائب صدر فیصل اقبال خواجہ، فنانس سیکرٹری شیخ عدیل اوردیگر مقررین نے ‘‘ٹیکس اور عوام’’ مذاکرے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ڈنگ ٹپاؤ پالیسیاں کبھی کارگر ثابت نہیں ہو سکتیں ،ایف بی آر میں روزانہ کی بنیاد پر تجربات کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔ انہوں نے کہا حکومت کو تجویز ہے کہ ایک بار غیر ملکی فرموں سے ٹیکس نظام کیلئے سٹڈی رپورٹ تیار کر الی جائے اور اس پر عملدرآمد کیا جائے، مقامی بیورو کریسی ٹیکس کے نظام میں سدھار لانے کی استعداد رکھتی ہے اور نہ وہ اس نظام کی بہتری چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا اب تو اوورسیز پاکستانی بھی حکومتی پالیسیوں سے متنفر ہو رہے ہیں، انہیں اعتماد میں لیا جائے تاکہ ملک میں ترسیلات زر میں اضافے سمیت سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں