جنرل ہسپتال :ایڈہاک ڈاکٹر بغیر محکمانہ اجازت ڈنمارک پہنچ گیا
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کا محکمہ کی اجازت کے بغیر بیرون ملک روانہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
لاہور جنرل ہسپتال کے ایڈہاک ڈاکٹرز کو ملی بھگت سے ڈنمارک روانہ کیا گیا ہے اورلاہور نیوز نے ڈاکٹر کے بیرون ملک روانہ ہونے کا ریکارڈ حاصل کرلیا ہے ۔ڈاکٹر رفعت حیات سکھیرا 25جون کو فلائٹ پی کے 203کے تحت روانہ ہوئے ۔قانون کے مطابق ایڈہاک ڈاکٹر حج، عمرہ کے علاوہ کسی دوسرے ملک جانے کے مجاز نہیں ۔ ڈاکٹر رفعت کی فلائٹ 25جون جبکہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ کے یکم جولائی سے چھٹی کی اطلاع لکھی گئی ہے ۔ڈاکٹررفعت کی ڈیوٹی پر اسکے بھائی کے ڈیوٹی دینے کا انکشاف ہوا ہے جو ایم ایل سی بھی لکھ رہے ہیں جبکہ سرکاری ڈاکٹر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے این او سی کے بغیر ملک سے باہر نہیں جاسکتا۔ڈاکٹر رفعت سکھیرا پاسپورٹ نمبر AD5345182کے تحت بیرون ملک روانہ ہوئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میں جنرل ہسپتال وپی جی ایم کی انتظامیہ ملوث ہے دوسری جانب ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کا مؤقف ہے کہ ڈاکٹر رفعت پی جی ایم آئی کا ملازم ہے اور اسکے بیرون ملک روانہ ہونے سے متعلق میرے علم میں نہیں ہے۔