ترقیاتی سکیموں کیلئے 11 ارب سے زائد کے فنڈ منظور
لاہور(سیاسی نمائندہ)پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 25-2024 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 4 ترقیاتی سکیموں کے لئے مجموعی طور پر 11 ارب 38 کروڑ 46 لاکھ 20 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔
اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں وزیر اعلیٰ اقدام برائے قابل تجدید توانائی کے فروغ کیلئے 10 کروڑ، خواجہ سراؤں کے لئے وزیر اعلیٰ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 86 کروڑ، ملتان کے نشتر ہسپتال میں کینسر سنٹر کی بلڈنگز کی تعمیر کیلئے 94 کروڑ 4 لاکھ 79 ہزار اور انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی (ترمیمی) کیلئے 9 ارب 48 کروڑ 41 لاکھ 41 ہزار روپے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے لاریکس کالونی سے گلشن راوی سیوریج سسٹم بنانے کی سکیم کو ایکنک میں بھیجنے کے لئے کلیئرکر دیا۔