صوبائی وزیر صنعت وتجارت سے ٹریڈ یونینز وفد کی ملاقات

صوبائی وزیر صنعت وتجارت سے ٹریڈ یونینز وفد کی ملاقات

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے انٹرنیشنل لیبر اینڈ ٹریڈ یونینز کے 12رکنی وفد نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی،قیادت انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن ایشیا پیسیفک سنگا پور کے جنرل سیکرٹری مسٹر شویا یوشیدا کر رہے تھے ۔

ملاقات میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کیلئے باہمی تعاون اور اشتراک پر اتفاق ہوا۔ملاقات کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ تجارت کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔صوبائی وزیر نے کہا پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹیوٹا کے اداروں میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 19سینٹرز آف ایکسیلینس بنائے جارہے ہیں،شیخوپورہ میں 630ایکڑ رقبے پر گارمنٹس سٹی بن رہا ہے ،ٹیوٹا اداروں میں پہلی بار سولر سٹڈی کا آغاز کیا گیا ۔ وفد میں جنرل سیکرٹری ساؤتھ ایشین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نیپال لکشمن بیسنیٹ ،انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر گائرٹانسٹال ،کنٹری منیجر اطالوی ٹریڈ یونین کوآپریشن ایجنسی روم یوگینیوموذیریلی اور کنٹری ہیڈامریکن سولیڈرٹی سنٹر پاکستان عماد اشرف شامل تھے ۔صدر ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان ملک طاہر جاوید،صدر پاکستان ورکرز فیڈریشن نسیم اقبال اور دیگر بھی وفد میں شامل تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں