ہیلمٹ نہ پہننے سے 3400 افراد ہیڈ انجری کا شکار

ہیلمٹ نہ پہننے سے 3400 افراد ہیڈ انجری کا شکار

لاہور(شاہ زیب شہزاد)شہر میں ہیلمٹ نہ پہنے کے باعث ہیڈ انجری کے واقعات میں واضح کمی نہ ہو سکی۔رواں سال 3400 سے زائد افراد حادثات کے دوران ہیڈ انجری کا شکار ہو چکے ہیں۔۔۔

 جبکہ گزشتہ سال ان کی تعداد 4 ہزار تھی۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ مہم کے باعث 40 فیصد تک شہریوں کی جانوں کو محفوظ بنا لیا گیا ۔ ٹریفک پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق ہیلمٹ نہ پہننے کی وجہ سے حادثات میں سر کی چوٹیں ابھی تک ایک سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہیں۔ ٹریفک پولیس کے سخت کریک ڈاؤن کے باوجود ہیڈ انجری کے واقعات میں خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔ شہریوں کو ہیلمٹ پہننے کی ترغیب دینے کے لئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال 4 لاکھ 61 ہزار موٹر سائیکل سواروں کو بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر چالان کیا گیا۔ہیلمٹ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف ٹریفک چالان سے بچنے کا ذریعہ ہے بلکہ زندگی کی حفاظت بھی کرتا ہے ۔ دوسری جانب، بغیر ہیلمٹ سوار اکثر ٹال مٹول کرتے نظر آتے ہیں اور مختلف بہانوں سے چالان سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ٹریفک پولیس کے مطابق مجموعی طور پر 80 فیصد سے زیادہ شہری ہیلمٹ قوانین کی پاسداری کر رہے ہیں جسے ایک مثبت پیش رفت سمجھا جا رہا ہے ۔ سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا کہ قوانین پر عملدرآمد کا یہ رجحان حوصلہ افزا ہے ، تاہم مزید بہتری کی ضرورت ہے تاکہ حادثات میں ہونے والی اموات اور زخمیوں کی تعداد کو کم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں