آؤٹ سورس سکول آج بھی ریاست کی ملکیت :وزیر تعلیم

 آؤٹ سورس سکول آج بھی ریاست کی ملکیت :وزیر تعلیم

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے سینئر کالم نگاروں اور تجزیہ کاروں نے ملاقات کی جس میں پنجاب کو درپیش تعلیمی چیلنجز اور ممکنہ تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر تعلیم نے کالم نگاروں کو تعلیمی شعبہ میں کی جانے والی ریفارمز سے آگاہ کیا اور سکولوں کی اپ گریڈیشن، ٹی این اے ٹیسٹ، آؤٹ سورسنگ اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ رانا سکندر حیات نے واضح کیا کسی بھی سکول کو پرائیوٹائز نہیں کیا جا رہا، اس ضمن میں افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ پرائیویٹائزیشن اور آؤٹ سورس دو الگ الگ چیزیں ہیں اور دونوں میں فرق ہے ۔ انہوں نے کہا ناقص کارکردگی کے حامل سکولوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آؤٹ سورس کئے گئے سکولز آج بھی ریاست کی ملکیت ہیں۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا میٹرک ٹیک کا مارچ سے آغاز کر رہے ہیں۔ بدلتے رجحانات کی وجہ سے آئی ٹی کی تعلیم ضروری ہو چکی، جس پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کامرس کالجز، ای کامرس کالجز میں تبدیل کئے جا رہے ہیں،آؤٹ آف سکول بچوں کیلئے موثر لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں۔ ملاقات میں آؤٹ آف سکول بچوں کیلئے موثر لائحہ عمل تشکیل دینے میں معاونت کرنے بھی اتفاق کیا گیا۔دریں اثنا وزیر تعلیم رانا سکندر حیات سے برٹش کونسل کے سی ای او سکاٹ میکڈونلڈ اور کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیپمسن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں تعلیم کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں