ہوم اکنامکس یونیورسٹی ، جی سی یو میں وی سی کی پوسٹیں خالی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)حکومت پنجاب کی عدم دلچسپی، شہر کے اہم اور تاریخی اعلیٰ تعلیمی ادارے سربراہان سے محروم ہیں۔ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی پوسٹیں خالی پڑی ہونے سے اداروں میں انتظامی بحران کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری التوا کا شکار۔وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب کے انٹرویوز کے باوجود پروفیسر انیلا کمال کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا۔ہوم اکنامکس یونیورسٹی 15 مہینوں سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے ۔مستقل وائس چانسلر نہ ہونے کی وجہ سے ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں انتظامی بحران میں اضافہ ہوگیا ،160سالہ تاریخ کی حامل جی سی یونیورسٹی بدترین انتظامی بحران کا شکار یونیورسٹی 1 سال سے مستقل وائس چانسلر،9 ماہ سے پرووائس چانسلر بھی موجود نہیں ۔ جی سی یو 8 سال سے رجسٹرار سے بھی محروم ہے ۔ دونوں اہم تعلیمی اداروں میں عارضی وائس چانسلر بھی موجود نہیں۔دونوں جامعات بغیر سربراہوں کے کام کر رہی ہیں۔ دونوں جامعات میں قائم مقام وی سی سے کام چلایاجارہا ہے ۔