ریونیو شارٹ فال،منی بجٹ کا امکان:لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ریونیو شارٹ فال 1 کھرب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے جس کی وجہ سے حکومت منی بجٹ لاسکتی ہے۔۔۔
اس سے کاروباری طبقے اور عوام پر مزید بوجھ پڑے گا۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے کہا ایف بی آر پہلے ہی مالی سال کے ابتدائی چار ماہ میں 196 ارب روپے کا ٹارگٹ پورا نہیں کر سکا اور اکتوبر میں 103 ارب روپے کی مزید کمی آئی۔ انہوں نے کہا اگر یہ رجحان جاری رہا تو اس کے نقصان دہ نتائج برآمدہونگے ۔ ایک ٹریلین روپے کا ریونیو خسارہ مالی استحکام کے لئے بڑا خطرہ ہے ۔انہوں نے کہا سیاسی حالات کی وجہ سے معاشی معاملات پس پشت چلے گئے ہیں جس سے ریونیو بحران گہرا ہو رہا ہے ۔ انہوں نے پالیسی میکرز پر زور دیا وہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹھوس اقدامات کریں ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے بحران سے بچنے کے لئے غیر رسمی معیشت کو دستاویزی بنانا، غیر استعمال شدہ وسائل کو استعمال میں لانے ، ڈیجیٹلائزیشن اور شفافیت کے ذریعے ٹیکس وصولی بڑھانے سمیت بہت سے حل تجویز کئے۔