سکولوں میں سہولیات کی کمی،ڈیجیٹل سفر پروگرام غیر موثر
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔سرکاری سکولوں میں کمپیوٹرز اور انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے ڈیجیٹل سفر پروگرام غیر موثر ہوگیا۔
تفصیل کے مطابق سکولوں میں آئی ٹی کی سہولیات دستیاب نہ ہونے کے باعث \"ڈیجیٹل سفر پروگرام\" ناکامی سے دوچار ہے ،پروگرام کے تحت ہر سکول سے پچاس،پچاس بچوں کی آن لائن رجسٹریشن کی جانی تھی۔ان بچوں کو موجودہ دور کے جدید تقاضوں کیمطابق آن لائن تربیت دی جانی تھی۔سکولوں میں آئی ٹی کی مناسب سہولیات نہ ہونے کے باعث ڈیجیٹل سفر پروگرام تاحال تعطل کا شکار ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ پروگرام کیلئے سکولوں میں کمپیوٹرز کے ساتھ انٹرنیٹ کی بھی سہولیات فراہم کی جائیں،سہولیات کو پورا کرنے کیلئے نان سیلری بجٹ بھی بروقت نہیں مل رہا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں اساتذہ کو ٹریننگ دی جارہی ہے ،سکول ایجوکیشن طلبا کی آن لائن رجسٹریشن اور تربیت کیلئے سکولز نان سیلری بجٹ سے سہولیات پوری کریں گے۔