وزیر صنعت کا سرجیکل انڈسٹری اسٹیٹ کی تجویزسے اتفاق
لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذیشان طارق کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات میں سرجیکل انڈسٹری کے مسائل پر بات چیت ہوئی۔چیئرمین سیماب نے سرجیکل انڈسٹری کیلئے علیحدہ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز دی اور کہا کہ عالمی معیارات پر پورا اترنے کیلئے ،سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل اسٹیٹ ناگزیر ہے۔ سرجیکل انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق خواتین ورکرز کیلئے جدید کورسز متعارف کرائے جائیں۔وفد کے اراکین نے مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ میں مجوزہ سرجیکل سٹی کے قیام میں حائل رکاوٹیں جلد دور کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے وفد کی سرجیکل انڈسٹری کیلئے الگ انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آلات جراحی کی مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے ۔سرجیکل انڈسٹری کو ایک جگہ منتقل کرنے کیلئے علیحدہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا قیام ضروری ہے۔ سرجیکل انڈسٹری کی مشاورت سے سیالکوٹ میں ٹیوٹا کے ادارے کو آپ گریڈ کیا جائے گا اور انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق خواتین ورکرز کے لئے کورسز بنائے جائیں گے۔