کمرشل فیس نادہندہ ہونے پر 80 املاک سربمہر
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)غیر قانونی کمرشل املاک و کمرشل فیس نادہندہ ہونے پر 80 املاک سربمہر کر دی گئیں، جوہر ٹاؤن ڈی بلاک میں سرکاری اراضی سے قبضہ واگزار کرالیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے ٹیموں کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 80 املاک سربمہر کر دی گئیں، ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ،نیو گارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن،نیو مسلم ٹاؤن، شادمان، سبزہ زار میں کارروائیاں کیں۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، نیوگارڈن ٹاؤن، فیصل ٹاؤن میں 24املاک سربمہر کر دیں۔ نیومسلم ٹاؤن، شادمان میں 18، سبزہ زار میں 38املاک سربمہر کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول،دکانیں، دفاتر،ریستوران،سٹور ودیگر شامل ہیں۔ آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے ۔آپریشن چیف ٹاؤن پلانرون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔دوسری جانب ایل ڈی اے کے شعبہ ہاؤسنگ سیون نے علی الصبح آپریشن کیا، آپریشن جوہر ٹاؤن کے ڈی بلاک میں قبضہ مافیا کے خلاف کیا گیا، ایل ڈی اے کی سکول سائٹ کو قبضہ مافیا سے واگزار کرا لیا گیا،پلاٹ نمبر 658 ڈی سکول سائٹ پر کی گئی چار دیواری اور گیٹ مسمار جبکہ پلاٹ نمبر 452 ڈی بلاک پر قائم تعمیرات مسمار کرکے قبضہ واگزار کرا لیا۔