چلڈرن ہسپتال کا ہیٹنگ اینڈ کولنگ سسٹم غیر فعال
فیصل آباد(بلال احمد سے )چلڈرن ہسپتال انتظامیہ کی نااہلی کے باعث ایچ ویک سسٹم طویل عرصہ سے بندش کا شکار، بروقت ٹینڈر نہ ہونے سے سسٹم کی خرابی دور نہ ہوسکی۔
وارڈز میں داخل بچے اور تیمار دار سخت سردی سے نبرد آزما ہونے لگے ،فیصل آباد میں بچوں کے علاج کے لیے سب سے بڑی علاجگاہ چلڈرن ہسپتال کا ہیٹنگ، وینٹیلیشن اینڈ کولنگ سسٹم غیر فعال ہونے سے سردی مریضوں پر قہر ڈھانے لگی ہے ۔ روزانہ کی بنیاد پر درجہ حرارت 4 درجہ سینٹی گریڈ تک گرنے کے باعث دن اور خصوصاً رات کے اوقات میں بچے اور ان کے ساتھ آنے والے تیمار دار ٹھٹھرتے ہوئے وقت گزارتے ہیں۔ اس حوالے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جن کا کہنا ہے کہ چلڈرن ہسپتال میں مسائل کے انبار لگے ہیں اور لیکن انتظامیہ کو اس سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہوں نے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ڈین ڈاکٹر رزاق مغل کا کہنا ہے کہ ایچ ویک کی مرمت و بحالی کا ٹینڈر آخری مراحل میں ہے جس پر جلد ہی کام شروع ہوجائے گا۔