کرسمس کا پرامن انعقاد ہماری ذمہ داری ہے : ڈی پی او
لودھراں ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) مسیحی برادری کا تحفظ اور کرسمس کا پرامن انعقاد ہماری ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کامران ممتاز نے کرسمس کے حوالے سے میثاق سنٹر دنیاپور میں کیک کاٹنے کی تقریب کے دوران کیا۔
ڈی پی او کامران ممتاز نے کرسمس کی آمد کے حوالے سے مسیحی برادری کے ساتھ کیک کاٹا اور مسیحی برادری کو مبارک باد اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈی پی او کامران ممتاز نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر تمام عبادت گاہوں کو مکمل سکیورٹی دی جائے گی اور پولیس افسران مسیحی برادری کی تقاریب میں بھی شرکت کریں گے ۔تقریب کے بعد ڈی پی او کامران ممتاز نے دنیاپور میں قائم کئے گئے خدمت مرکز کا وزٹ بھی کیا۔دوران وزٹ ڈی پی او نے پولیس ورک کا جائزہ لیا اور پولیس سروسز کے حوالے سے فیڈ بیک لیا۔ڈی پی او کامران ممتاز نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پولیس خدمت مرکز کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب شہریوں کو جدید سروسز کی فراہمی میں پیش پیش ہیں۔خدمت مرکز میں شہری اور دیہی آبادی کو مختلف چودہ سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی اور ضلع بھر میں قائم خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو آسان اور تیز ترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔