گورنمنٹ کالج یونیورسٹی شعبہ قانون کے تحت کوئز مقابلہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ قانون کے زیر اہتمام جیورسٹ کوئز مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔
فائنل مقابلہ جات کے ججز کے فرائض ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رفاقت علی گوندل اور اسد نثار بھٹی ایڈوکیٹ نے سر انجام دئیے ۔ شعبہ قانون کی پانچوں ٹیموں سے قانون شہادت، سیکشن اے ، سیکشن بی اور سول پروسیجر کے متعلق سوالات پوچھے گئے ، جس میں طلباء طالبات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم کا کہنا تھا کہ طلباء کے درمیان جیورسٹ کوئز مقابلہ جات کا انعقاد بہت اچھا اقدام ہے جس سے طلباء کو سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے تعلیمی سرگرمیاں طلباء کو علمی میدان میں آگے بڑھنے اور خود اعتمادی پیدا کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ وائس چانسلر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ قانون کے طالب علم کی حیثیت سے اپنے اندر نظم وضبط اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ تقریب سے خطاب میں چیئرمین شعبہ قانون ڈاکٹر غلام مرتضی نے کہا کہ ایسے مقابلہ جات طلباء کے اندر موجود ٹیلنٹ کو نکھارتے ہیں جس سے ان کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ وائس چانسلر ڈاکٹر رؤف اعظم نے جیورسٹ کوائز مقابلہ جات کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر عامر منج اور سید نجم امیر کو ایونٹ کے بہترین انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو ٹرافیز اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔