ڈمپروں پر پابندی ، ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی

ڈمپروں پر پابندی ، ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی

کراچی(بزنس رپورٹر )آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن الائنس نے صوبائی حکومت کوالٹی میٹم دے دیا۔مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو شہربھرمیں پہیہ جام ہڑتال کردیں گے ۔

 کراچی پریس کلب میں ہنگامی نیوز کانفرنس میں آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن الائنس کے عہدیداران نے انوکھادعویٰ کیا کہ سندھ حکومت نے شہر بھر میں ڈمپر چلانے پر پابندی عائد کردی ہے ۔ اس موقع پر صدر آل سندھ ڈمپر ٹرک اونرز ایسوسی ایشن لیاقت محسود نے کہا ہے کہ 24 تاریخ تک ڈمپر چلانے پر پابندی ختم نہ کی گئی تو شہر بھر میں پہیہ جام ہڑتال کردیں گے ۔ شہر بھر میں خراب انفرااسٹرکچر کی وجہ سے حادثات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور اس کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے ۔ چیئرمین میرشمس شاہوانی نے کہا کہ پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کرنے کیلئے شہر بھر کی 12 مختلف ٹرانسپورٹ تنظیموں نے حمایت کردی ہے ۔اس کے ساتھ میں صوبائی حکومت سے مذاکرات کا اشارہ دے دیا ہے ۔ دوران پریس کانفرنس صحافیوں نے  عہدیداران سے سوال کیا کہ پابندی کے باوجود ڈمپرزسمیت بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت شہر بھر میں جاری ہے ۔ اس پر ٹرانسپورٹ اونررز تسلی بخش جواب نہ دے پائے ، ٹرانسپورٹ اونرز کا مزید کہنا تھا ڈمپرز پر عائد پابندی سے کئی ہزار افراد بے روزگار ہوگئے ہیں لیکن ڈمپر حادثات کی زد میں آنے والے شہریوں سے متعلق عہدیداران ایک بار پھر کوئی تسلی بخش جواب صحافیوں کو نہ دے پائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں