ڈمپنگ پوائنٹ بنانے کیلئے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ
لاہور(شیخ زین العابدین)شہر لاہور میں ایک ادارے کی سرکاری اراضی پر دوسرے سرکاری نے قبضہ جما لیا، ایل ڈی اے کی سرکاری اراضی پر سالڈ ویسٹ ڈمپنگ اور کلیکشن پوائنٹ بننے کا انکشاف ہوا ہے۔
ایل ڈی اے کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل ڈبلیو ایم سی کو مراسلہ لکھ دیا، مراسلے میں کہا گیا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے مبینہ طور پر غیر قانونی عمل کیا جارہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق دو ارب روپے سے زائد مالیت کی 90 کنال اراضی پر ڈمپنگ و کلیکشن سنٹر بن گیا، سبزہ زار ڈی بلاک میں ایل ڈی اے کی اراضی کو ڈمپنگ سائٹ کے طور پر استعمال کیا جارہا، ایل ڈی اے نے حال ہی میں سبزہ زار سے دو سو کنال اراضی کو واگزار کرایا، ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے سبزہ زار ڈی بلاک کی اراضی کو بطور ڈمپنگ سائٹ استعمال کیا جارہا تھا، ایل ڈی اے کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایل ڈبلیو ایم سی کو مراسلہ لکھ دیا گیا ،مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ ڈی بلاک سبزہ زار کی اراضی استعمال کرنے کے لیے کسی بھی متعلقہ فورم سے منظوری نہ لی گئی، ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے مبینہ طور پر غیر قانونی عمل کیا جارہا ہے ،کمپنی کے اس عمل سے قبضہ مافیا کی حوصلہ افزائی اور سرکاری زمین پر قبضے ہورہے ہیں، گنجان آباد علاقے میں ڈمپنگ سائٹ بنا کر ماحولیاتی آلودگی پھیلائی جارہی ہے ، رہائشی علاقہ میں ڈمپنگ سائٹ بنا کر علاقہ مکینوں کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے ، ایل ڈبلیو ایم سی کا سٹاف ڈی بلاک سبزہ زار کی ڈویلپمنٹ میں رکاوٹ حائل کر رہا ہے ، کمپنی کے اس عمل کی وجہ سے ایل ڈی اے کو اربوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ایل ڈی اے نے دو روز میں زمین کلیئر کرنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کو انتباہ کر دیا۔