سپین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا فیصل آباد چیمبرکا دورہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ٹیکسٹائل مشینری اور ٹیکسٹائل مصنوعات تیار کرنے والے سرکردہ ملک ہونے کی وجہ سے سپین اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔۔۔
جن سے فائدہ اٹھانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کے درمیان براہ راست رابطے بڑھانے کیلئے با مقصد، سنجیدہ اور نتیجہ خیز کوششیں کی جا رہی ہیں۔ یہ بات سپین کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن مسٹر فیلکس پرناس رامیرز نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہو ں نے کہا کہ سپین نے 19ویں صدی میں ہی اپنی کاٹن کی صنعت کو پوری طرح میکنائزڈ کر لیا تھا جبکہ اِس وقت بھی سپین کی تقریباً 160کمپنیاں جدید سپننگ، ویونگ،اپیرل اور ڈائنگ مشینری تیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون اور اعتماد کے رشتوں کے ذریعے مشترکہ منصوبے بھی شروع کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل کا شعبہ یورپین منڈیوں کے رجحان اور میلانات کے مطابق مصنوعات کی تیاری کیلئے سپین کے ڈیزائنرز کی مہارت سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹر ی کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر کا تعارف پیش کیا اور کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان دو طرفہ تجارت کا سالانہ حجم 1.72ارب ڈالر ہے جسے مزید بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے فیصل آباد انتہائی محفوط اور پر امن شہر ہے ۔