گگو منڈی:پانی کے جوہڑ،ٹوٹی سڑکیں،شہریوں کا احتجاج
گگو منڈی(نامہ نگار)ورلڈ بینک کا ماڈل سٹی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا صاف ستھرا پنجاب منصوبہ بھی بھٹہ یوسف آباد بورے والا کی رہائشی آبادی کی حالت زار تبدیل نہ کر سکا ۔۔۔
کروڑوں روپے فنڈز کی دستیابی کے باوجود بھی سیوریج سسٹم درہم برہم ہونے کے باعث ہر طرف گندے پانی کے جوہڑ اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ہیں،جس پر مکینوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ تفصیل کے مطابق معصوم شاہ روڈ بورے والا پر قائم رہائشی آبادی بھٹہ یوسف آباد میں عرصہ دراز سے کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا اور ہر طرف گندگی کے ڈھیر،جوہڑ اور ٹوٹی سڑکیں نظر آتی ہیں جس پر اہلیان بھٹہ یوسف آباد سراپا احتجاج ہیں۔ پیپلز پارٹی تحصیل بورے والا کے صدر کامران یوسف گھمن نے بتایا ڈی سی وہاڑی اور اے سی بورے والا کی توجہ متعدد بار اس علاقہ کی حالت زار کی طرف مبذول کر ائی لیکن وہ صرف فوٹو سیشن تک محدود رہتے ہیں اور عوامی مسائل حل کرنے سے چشم پوشی کر رہے ہیں ۔