چینی کمپنیاں پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھا رہیں:شافع حسین
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں چین کی آپیٹک فائبر بنانے والی کمپنی الیون ٹیکنالوجیز کی سی ای او اور دیگر حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ کمپنی کی سی ای او نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں اپنے پلانٹ کو توسیع دینا چاہتی ہے اور اس مقصد کیلئے کمپنی کو مزید اراضی درکار ہے ۔ صوبائی وزیرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ چین کی کمپنیاں پنجاب میں اپنی سرمایہ کاری بڑھا رہی ہیں،چین کی مزید نئی کمپنیاں بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے آمادہ ہیں۔ پنجاب کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کا مرکز بنا دیا ہے اور یہاں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کے باعث سرمایہ کار پنجاب کا رخ کر رہے ہیں۔ چین کی کمپنی کی ایم تھری انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں اور کمپنی کو یہاں سرمایہ کاری بڑھانے کے لئے ہرممکن سہولت دی جائے گی۔