ملک میں اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے :جاوید قصوری

لاہور (سیاسی نمائندہ) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ملک میں سبھی تجربات ناکام ہوگئے، اب ایک موقع اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔
سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام نے غریب عوام کے حقوق چھینے ہوئے ہیں، ان نظاموں کو ختم کر انے اور اسلام کا عادلانہ نظام کے عملی نفاذ کے لئے جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 62۔63 پر عمل در آمد کرے تو قوم کو کرپٹ اور بدعنوان لوگوں سے نجات مل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا امریکا اور آئی ایم ایف کے غلاموں نے پاکستان کا جغرافیہ اور نظریہ برباد کر دیا۔ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے پاکستانیوں کی خودداری اور نوجوانوں کا مستقبل استعمار کے ہاتھوں گروی رکھ دیا۔ لوگ مہنگائی اور غربت سے تنگ ہیں اور زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے ۔ پڑھے لکھے نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے ڈگریاں جلا رہے ہیں۔