قصور:یوم پاکستان پر ماڈل ہائی سکول میں مرکزی تقریب

قصور(نمائندہ دنیا) یوم پاکستان کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔۔۔
وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ اینڈ سکیورٹی ملک رشید احمد خاں، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور ممبر صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید نے پرچم کشائی کی،تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سعد وسیم اخترشیخ، رکن صوبائی اسمبلی صفیہ سعید،ڈپٹی کمشنر عمران علی اور ڈی پی او عیسیٰ خاں سکھیرا بھی انکے ہمراہ تھے ، تقریب میں بچوں نے پر جوش ملی نغمے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے ،تقریب میں معززین شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مہمانوں کو سلامی دی اور بچوں نے گلدستے پیش کئے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر محمد احمد خان نے کہا کہ 23 مارچ تجدید عہد وفا کا دن ہے ،دہشت گردتنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے ،دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاکستان کا استحکام ہمارے اتحاد اور عزم سے جڑا ہے ،ہمیں تحریک پاکستان کے جذبے کو زندہ رکھنا ہوگااور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا، 23 مارچ 1940 کی قرارداد نے قیام پاکستان کی بنیاد رکھی،ملکی ترقی کے لیے ہمیں قائداعظم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا،وفاقی وزیر مملکت برائے فوڈ اینڈ سکیورٹی ملک رشید احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔