پودوں کی صحت کے عالمی دن پر پی ایچ اے کی شجرکاری مہم
لاہور(این این آئی)پودوں کی صحت کے عالمی دن پر پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور کی جانب سے قرشی پارک میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا اور اسی مناسبت سے کینال مسلم ٹاؤن روڈ، لال پل، کیمپس، جناح انڈر پاس کے دونوں اطراف شجرکاری کی گئی۔
شجرکاری مہم کے تحت 2 ہزار مقامی سایہ دار و پھلدار درختوں کی شجرکاری کی گئی۔ قرشی پارک میں شہریوں نے پودے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کیلئے دعا کی۔ تقریب میں قرشی پارک کے پراجیکٹ ڈائریکٹر شفیق رضا نے بھی پودے لگائے ، شجرکاری مہم کے تحت المتاس، ارجن، جامن، السٹونیا،بوگن بیل سمیت دیگر مقامی درختوں کی شجرکاری کی گئی۔ سرسبز اور شاداب لاہور کیلئے پی ایچ اے کی جانب سے رواں مالی سال میں اب تک 10 لاکھ کے قریب پودے لگائے جا چکے ہیں۔ شہریوں میں اڑھائی لاکھ سے زائد پودے تقسیم کئے گئے ۔ لنگز آف لاہور پراجیکٹ میں 1 لاکھ سے زائد، ستوکتلہ ڈرین 30 ہزار، بابو صابوانٹر چینج 25 ہزار، نیاز چوک 19ہزار 5 سو پودوں کی شجرکاری کی گئی۔ سگیاں روڈ 10 ہزار، چائنہ سکیم ڈرین 8 ہزار، شاہدرہ فلائی اوور 54 سو، فیزوز پور روڈ 6 چھ ہزار پودے جبکہ شہر کے دیگر مختلف مقامات پر بھی پودے لگائے گئے۔