شہر کے انڈر پاسز کی حالت خراب : حد اونچائی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

شہر کے انڈر پاسز کی حالت خراب : حد اونچائی جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار

لاہور (شیخ زین العابدین) کینال روڈ انڈر پاسز پر حد اونچائی کے جنگلے ٹوٹنے لگے ،ہیوی ٹریفک کینال انڈر پاسز میں پھنسنے سے ٹریفک حادثات رونما ہونے لگے۔ ایل ڈی اے انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل نہ کرسکا۔

تفصیل کے مطابق شہر میں کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں واقع انڈر پاسز کی حالت زار ہوچکی ہے ،کہیں ٹریفک سائن بورڈز ٹوٹے ہوئے ہیں تو کہیں حد اونچائی کا تعین کرنے کیلئے نصب بیریئر اتر چکے ہیں،ٹائلیں اور لائٹیں ٹوٹنے سے یہ انڈر پاسز بدنما بنتے جارہے ہیں۔ ایل ڈی اے وزیر اعلٰی کے احکامات پر عمل درآمد نہ کرسکا،پنجاب حکومت نے بیوٹیفکیشن آف لاہور کا پراجیکٹ بند کر دیا ۔ کینال روڈ کے 33 انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا نجی کمپنی سے معاہدہ زائد المیعاد ہوگیا، معاہدے کے تحت تمام انڈر پاسز کو خوبصورت بنایا جانا تھا مگر جناح ہسپتال اور جسٹس کارنیلیئس انڈر پاس کی تزئین و آرائش کا کام کیا گیا،باقی تمام انڈر پاسز کی خوبصورتی کا کام ٹھپ ہوگیا۔دوسری طرف کینال روڈ انڈر پاسز کی تزئین و آرائش اور حد اونچائی بیریئر کی تنصیب کے معاملے میں تاخیر خطرناک صورتحال اختیار کرنے لگی۔ بیریئر ٹوٹنے لگے ،انڈر پاسز کے ماتھے پر لگے بورڈز ،بیرل سے پہلے لگے آہنی راڈز بھی ٹوٹ چکے ہیں۔ مال روڈ انڈر پاس کے راڈز کے ساتھ بورڈ بھی جزوی طور پر ٹوٹ چکا ہے ۔ بیوٹی فکیشن آف لاہور پراجیکٹ میں فنڈز مختص کرنے کے باوجود تزئین و آرائش کا کام نہ کیا گیا۔ایل ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کینال روڈ انڈر پاسز کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ مرمت اور بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز ہوچکا ہے جن مقامات پر بیریئر ٹوٹے ہونگے ان کی مرمت اور تبدیلی کا کام کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں