ہائیکورٹ : مغوی کے گھر پہنچنے پربازیابی بارے درخواست نمٹادی

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے مغوی کے گھر پہنچنے کے باعث بازیابی سے متعلق درخواست نمٹادی ۔جسٹس طارق محمود باجوہ نے غزالہ یونس کی درخواست پر سماعت کی۔۔۔
خاتون نے اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ، ایس پی لیگل غلام حسین چوہان پنجاب حکومت کے لا افسر کے ہمراہ پیش ہوئے ، وکیل نے عدالت کو بتایا درخواست گزار خاتون کا بیٹا دو روز قبل گھر پہنچ چکا ہے ،درخواست گزار کے بیٹے کو جیل سے رہائی کے بعد سی ٹی ڈی نے حراست میں رکھا ،مغوی کو سی ٹی ڈی کو حراست میں رکھنے کا کوئی ریکارڈ نہیں ۔ جسٹس طارق محمود باجوہ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کیا کہیں گے ، ڈی آئی جی ذیشان رضا نے جواب دیا ہم نے اسے گرفتار کیا اور نہ ہی ہماری حراست میں تھا ، فاضل جج نے استفسار کیاسی ٹی ڈی نے حراست میں رکھا ، کیا وہ پولیس ونگ آپ کا نہیں ؟ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے جواب دیا سی ٹی ڈی علیحدہ ونگ ہے ، لاہور میں آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ ہیں۔