دیہات میں 1 لاکھ طالبات کو ٹرانسپورٹ واؤچر دینے کا فیصلہ
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)ٹرانسپورٹ ہاؤس لاہور میں وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان کی زیر صدارت اجلاس میں طالبات اور خواتین سرکاری ملازمین کے لیے انقلابی اقدامات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دیہی علاقوں میں 6ویں جماعت سے میٹرک تک کی ایک لاکھ طالبات کو ٹرانسپورٹ واؤچر فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ تعلیمی اداروں تک باعزت طریقے سے پہنچ سکیں۔اجلاس میں خواتین سرکاری ملازمین، بالخصوص محکمہ تعلیم اور صحت میں خدمات انجام دینے والی خواتین کو بلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی تجویز دی گئی، جبکہ سرکاری کالجز کی طالبات کو الیکٹرک بسوں کے ذریعے سفری سہولت فراہم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی وزرا رانا سکندر حیات، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سپیشل اسسٹنٹ سلمیٰ بٹ نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی اور تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ خواتین کو باوقار اور آسان سفری سہولیات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔ دیہی علاقوں میں پڑھنے اور خدمات انجام دینے والی خواتین کے سفری مسائل ہمیشہ نظر انداز کیے گئے، اب ہم انہیں ترجیح دے رہے ہیں۔