آئندہ بجٹ میں لاہور کو خصوصی ترقیاتی پیکیج ملنے کا امکان

لاہور (شیخ زین العابدین) بجٹ 2025-26 میں لاہور کو خصوصی ترقیاتی پیکیج دئیے جانے کا امکان ہے ۔ایل ڈی اے نے پانچ بڑے منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 18 ارب 20 کروڑ روپے کی لاگت کی تجویز دے دی۔
منصوبوں کو بجٹ میں شامل کرنے کے لئے تجاویز محکمہ خزانہ کو ارسال کر دی گئیں۔تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت کے آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ میں لاہور کو خصوصی ترقیاتی پیکیج دئیے جانے کا امکان ہے ، جس کے تحت شہر کی اہم شاہراہوں پر فلائی اوورز، انڈر پاسز، سڑکوں کی توسیع اور نئی راہداریوں کی تعمیر جیسے منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ان منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2025-26 میں شامل کرنے کی سفارش کر دی ۔ ان منصوبوں میں سب سے اہم کریم مارکیٹ تا موٹر وے ایم-2 سگنل فری کوریڈور ہے ، جس پر 9 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس راہداری کی تعمیر سے گلبرگ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ اور ایم-2 موٹر وے تک ٹریفک کی روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔قزلباش چوک، رائیونڈ روڈ پر ایک نئے فلائی اوور کی تعمیر بھی مجوزہ منصوبوں میں شامل ہے جس کا تخمینہ 2 ارب 30 کروڑ روپے لگایا گیا جبکہ گلشن راوی سے بابو صابو تک سڑک کی توسیع کا منصوبہ بھی اگلے مالی سال کے لیے زیرغور ہے ۔بند روڈ ایکسیس کنٹرول کوریڈور فیز-2 کیلئے 3 ارب 50 کروڑ روپے ، جبکہ کماہاں تا لدھڑ روڈ اور اعظم چوک سے رانا چوک تک نئی سڑک کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل کی گئی ہے ۔اسی طرح فیروزپور روڈ کی کینال جنکشن سے گجومتہ تک مرمت و بحالی کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے ، جس پر 2 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جانے کی تجویز ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی حتمی منظوری پنجاب حکومت کے سالانہ بجٹ اجلاس میں دی جائے گی۔