ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈ یشن حتمی مرحلے میں داخل

 ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈ یشن حتمی مرحلے میں داخل

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) لاہور کی تاریخی ٹولنٹن مارکیٹ کو اپ گریڈ کرنے اور ری ماڈلنگ کا منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا گیا ہے کہ منصوبہ ہر صورت 30 جون تک مکمل کیا جائے ۔پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد منصوبے کے لئے 18 کروڑ 73 لاکھ 76 ہزار 561 روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا۔ مارکیٹ کی دکانوں کو خوبصورت بنانے کیلئے ان کی اپ لفٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ تمام دکانوں پر یکساں سائن بورڈز نصب کئے جا رہے ہیں۔مارکیٹ میں صفائی کے جدید انتظامات کیلئے جدید ویسٹ ڈسپوزل سسٹم تعمیر کیا جا رہا ہے ، تاکہ صفائی ستھرائی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے ۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے اپ گریڈیشن مکمل ہونے کے بعد مارکیٹ کی مستقل بہتری کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا جس میں ایل ڈی اے ، واسا، ٹیپا، پی ایچ اے ، محکمہ فوڈ، فوڈ اتھارٹی، ایل ڈبلیو ایم سی اور مارکیٹ یونین کے نمائندے شامل ہوں گے ۔کمیٹی مارکیٹ کی بہتری کیلئے تجاویز دے گی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ مارکیٹ کو چلانے کیلئے نئی پالیسی بھی مرتب کی جائے گی، جس پر تمام متعلقہ ادارے مل کر عملدرآمد کریں گے ۔ٹولنٹن مارکیٹ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شہر کی تاریخی جگہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش ہے ، جس سے شہریوں اور تاجروں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں