واسا نااہلی، پانی کا بحران سنگین، شہریوں کے احتجاجی مظاہرے

لاہور(شیخ زین العابدین)گرمی کی شدت بڑھنے پر واسا کی نااہلی سے لاہور میں پانی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کرگیا۔ شہری پانی کی تلاش میں مارے مارے پھر نے لگے، پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔۔۔
جبکہ واسا کے وعدے صرف بیانات تک محدود نظر آ رہے ہیں۔ ابراہیم کالونی، باغبانپورہ، نصیرہ آباد، پکی ٹھٹھی، سمن آباد، گلبرگ، مکہ کالونی ،کریم بلاک مارکیٹ و دیگر علاقوں میں واسا کی واٹرسپلائی مکمل بند ہے جبکہ واسا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہیٹ ویو کے پیشِ نظر پانی کی فراہمی کو 14 گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے لیکن زمینی حقائق برعکس ہیں۔شہریوں کو دن میں صرف 3 سے 4 گھنٹے پانی میسر ہے، بعض علاقوں میں وہ بھی نایاب ہو چکا ہے۔ لوگ پانی کیلئے ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ پکی ٹھٹھی، سمن آباد اور ایل او ایس روڈ پر پانی کی عدم فراہمی کے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔نصیرآباد کے مکینوں نے بھی واسا کیخلاف احتجاج کیا اور کہاشکایات کے باوجود کہیں شنوانی نہیں ہورہی، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ واسا پانی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کرے۔