ورلڈ ریکارڈ ہولڈرطالبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب

 ورلڈ ریکارڈ ہولڈرطالبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب

گوجرانولہ (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج برائے خواتین سیٹلائٹ ٹاؤن کی ہونہار طالبہ اور ایتھلیٹ حرم ریحان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک منٹ میں ایک ٹانگ کے ساتھ 143 مرتبہ knee strike کر کے اپنا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ 2020 سے بھارت کے مرد کھلاڑی کے پاس تھاجسے حرم ریحان نے توڑ کر تاریخ رقم کر دی۔ تاریخی کامیابی پر گورنمنٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن گوجرانوالہ میں طالبہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی ،پرنسپل ڈاکٹر لبنیٰ اخلاق ،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر امان اللہ راٹھور، فزیکل ٹرینر پروفیسر یمائمہ سجاد، عابد سیالوی ، اساتذہ، طالبہ کے والدین اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حرم ریحان کو شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔پرنسپل لبنیٰ اخلاق نے کہا انکا ادارہ کھیلوں کے میدان میں بھی طالبات کی بھرپور سرپرستی کر رہا ہے ۔ کالج نے اپنی مدد آپکے تحت کمیونٹی کے تعاون سے تقریباً ایک کروڑ روپے اکٹھے کیے ہیں تاکہ ایسی طالبات کو فری سکالرشپس دی جا سکیں جو کم فیس بھی نہیں دی سکتیں۔

حرم ریحان نے پہلے ایشین ریکارڈ توڑا ، بعد ازاں گینز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی خواہش ظاہر کی تو انتظامیہ نے بھرپورحوصلہ افزائی کی اور فزیکل ٹیچر کی زیر نگرانی تربیت کا انتظام کیا۔ گینز بک ورلڈ ریکارڈ اندراج کیلئے تقریباً اڑھائی لاکھ روپے (ڈالرز میں فیس)درکار تھے جو طالبہ کے والدین کیلئے ممکن نہ تھے ، کالج انتظامیہ نے اپنی مدد آپکے تحت یہ رقم ادا کر کے طالبہ کا خواب پوراکیا۔ حرم ریحان نے اس موقع پرکہا مجھے اس مقام تک لانے میں میرے ادارے اور پرنسپل کا بڑا ہاتھ ہے ۔ پرنسپل اور اساتذہ کی سپورٹ نہ ہوتی تو کامیاب نہ ہو پاتی۔ مزید محنت کر کے قومی اورعالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتی ہوں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کھیلوں کے میدان میں طالبات کی سرپرستی جاری رکھیں اور باصلاحیت کھلاڑیوں کوخصوصی انعامات اور سہولیات فراہم کریں۔تقریب کے اختتام پر طالبہ کو شیلڈ اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں