ڈینگی کے خاتمے کیلئے بھرپور اقدامات کیے جارہے : ڈی سی

شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور کی خصوصی ہدایت پر ضلعی محکمہ صحت کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں ڈینگی کے عالمی دن کے سلسلہ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر صدیق بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایاد احمد ، ڈی ڈی ایچ او ساجد جٹ ، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ سمیت ضلعی افسروں نے آگاہی سیمینار میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈینگی کے خاتمے کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں، ڈینگی کے مکمل خاتمے کے لیے متعلقہ افسر اپنی ذمہ داریوں کو ترجیحی بنیادوں پر اداکریں تاکہ انسدادی و حفاظتی اقدامات کے حوالے سے کسی جگہ کوئی کمی یا کمزوری نہ رہے ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ کباڑ خانوں، نرسریوں، سروس سٹیشنز، ٹائر شاپس اور پٹرول پمپس سمیت سرکاری دفاتر اور گھروں کی چھتوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیاجائے تاکہ بروقت احتیاطی تدابیر کو اپنا کر ڈینگی کی وباسے عوام کو محفوظ رکھا جاسکے ۔ سیمینار کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر قیادت آ گاہی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ آگاہی ریلی میں محکمہ صحت کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف و دیگر عملہ سمیت ریسکیو اہلکاروں اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔