پنجاب بار کونسل کو پیپرلیس کرنے کا فیصلہ :وائس چیئرمین

لاہور(آئی این پی)پنجاب بارکونسل کے وائس چیئرمین عرفان صادق تارڑ نے کہا پنجاب بار کونسل کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ وکلا کی سہولت کیلئے پنجاب بار کونسل کو پیپرلیس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔۔۔
وکلا گھر بیٹھے آن لائن انرولمنٹ ،سرٹیفکیٹس ، لائسنس ،گڈ سٹینڈنگ ،ویزا سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سہولتیں حاصل کر سکیں گے جبکہ اس سے قبل ان خدمات کے حصول کے لئے فزیکل کاغذات جمع کرانے آنا پڑتا تھا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے بارز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فاروق ڈوگر،سیکرٹری رفاقت علی سوہل،سابق وائس چیئرمینز فرحان شہزاد،کامران بشیر مغل،چودھری بابر وحید سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔وائس چیئرمین نے مزید کہا پنجاب بار کونسل کو پیپر لیس کرنے کے منصوبے کے تحت اصل دستاویزات وکلا کو واپس کر دی جائیں گی اور ان کا تمام ڈیٹا سکیننگ کے بعد محفوظ کر لیا جائے گا ،اس سے جہاں وکلا کا قیمتی وقت بچے گا وہیں سفری اخراجات بھی نہیں ہوں گے ۔علاوہ ازں اپنے بیان میں انہوں نے اسرائیل کی ایران پر جارحیت اوراہم فوجی شخصیات ،جوہری سائنسدانوں اور عام شہریوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔