شہر میں بیک وقت سٹرکچر پلان روڈزکی تعمیر شروع

لاہور (شیخ زین العابدین) نئے مالی سال کے آغاز پر لاہور میں میگا پراجیکٹس کا عملی آغاز ہو چکا ہے۔ ایل ڈی اے نے شہر کے مختلف علاقوں میں بیک وقت سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
ان منصوبوں کا مقصد ٹریفک رش کم کرنا اور شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی چار مختلف مقامات پر سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر کا آغاز کر دیا ہے ۔ نیلم روڈ، ایکسپو سنٹر تا خیابان جناح روڈ، شادیوال چوک سے غفار چوک اور شوق چوک سے ڈاکٹر ہسپتال تک سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔نیلم روڈ پائن ایونیو سے فیروز پور روڈ تک 12.88 کلومیٹر طویل ہوگی، جس پر چھ ارب 93 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس سڑک پر دو رویہ دو لین اور ریلوے کراسنگ پر تین لین کا انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ایک سال کے عرصہ میں مکمل کیا جائے گا جبکہ باقی تین سٹرکچر پلان روڈز کے لیے چار ماہ کا ہدف مقرر ہے ۔ان سٹرکچر پلان روڈز کی تعمیر سے پائن ایونیو، خیابان جناح، عبدالستار ایدھی روڈ، خیابان فردوسی، رائیونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، عبدالحق روڈ اور نظریہ پاکستان روڈ پر ٹریفک کا بوجھ کم ہو گا۔