3797اساتذہ وہیڈز کی انچارج بننے کیلئے درخواستیں جمع
لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے 5051 سرکاری سکولوں میں مستقل ہیڈز نہ ہونے کے باعث محکمہ سکول ایجوکیشن نے انچارج ہیڈز کی ٹیسٹ کی بنیاد پر تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے صوبے بھر میں 3797 اساتذہ و ہیڈز نے انچارج ہیڈ بننے کے لیے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق انچارج ہیڈز کی تعیناتی کے لیے ضلعی سطح پر ٹیسٹ 22 جولائی بروز پیر کو لیا جائے گا۔لاہور میں یہ ٹیسٹ گورنمنٹ کمپری ہنسیو گرلز ہائی سکول وحدت کالونی میں منعقد ہوگا۔ٹیسٹ میں شرکت کرنے والوں میں ایس ایس ٹی اساتذہ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز ،موجودہ ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز شامل ہیں۔محکمہ تعلیم لاہور کے ذرائع کے مطابق لاہور ضلع سے 200 سے زائد مرد و خواتین اساتذہ نے انچارج ہیڈز کی تعیناتی کے لیے درخواستیں دی ہیں جن کی سکروٹنی کا عمل جاری ہے ۔لاہور میں گریڈ 17 سے گریڈ 20 تک کے 50 سے زائد ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولز میں ہیڈز کی سیٹیں خالی ہیں، جنہیں اس ٹیسٹ کے ذریعے عارضی طور پر پر کیا جائے گا۔ تعیناتی کے لیے میرٹ، کارکردگی اور ٹیسٹ سکور کو بنیاد بنایا جائے گا۔محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل بھرتی کے عمل میں تاخیر کے باعث یہ عبوری اقدام اٹھایا جا رہا ہے تاکہ سکولوں کے انتظامی معاملات متاثر نہ ہوں۔