سرکاری سکولوں کو نان سیلری بجٹ فراہم نہ ہوسکا
لاہور(عاطف پرویز سے)چھٹیوں کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہونے جا رہا ہے، مگر لاہور سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں کو تاحال نان سیلری بجٹ فراہم نہیں کیا جا سکا۔
سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی سے صفائی، مرمت اور رنگ و روغن بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ موسم گرما کی تعطیلات کے بعد سکولوں کی صفائی، رنگ و روغن اور دیگر انتظامی کاموں کے لیے فنڈز درکار ہوتے ہیں، مگر فنڈز کی عدم دستیابی نے سکول سربراہان کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں کو 3 ارب روپے کی پہلی قسط جاری ہونی ہے جس میں لاہور کے سکولوں میں 15 کروڑ روپے جاری ہونے ہیں۔ سربراہان کے مطابق آخری بار فنڈز جون میں جاری کیے گئے تھے اور تعطیلات سے پہلے سکول کی تیاری کے لیے بار بار درخواستیں دینے کے باوجود تاحال کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔سکول سربراہان کا کہنا ہے کہ اگر محکمہ سکول ایجوکیشن نے فوری طور پر نان سیلری بجٹ جاری نہ کیا تو طلبہ کو غیر معیاری اور غیر محفوظ ماحول میں تعلیم دینا پڑے گی۔