جمعیت اہلحدیث فعال بنانے کیلئے 3 انتظامی حصوں میں تقسیم

جمعیت اہلحدیث فعال بنانے کیلئے 3 انتظامی حصوں میں تقسیم

لاہور(سیاسی نمائندہ)مرکزی جمعیت اہلحدیث کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے تنظیمی اصلاحات اور تنظیمی کارکردگی کو مزید فعال و مربوط بنانے کے لیے پنجاب کو 3 انتظامی حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا۔

فیصلے کے تحت پنجاب کو شمالی، جنوبی اور وسطی پنجاب میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ تنظیم کا پیغام نچلی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے ۔وسطی پنجاب کیلئے 3 اہم ذمہ داران علامہ احسان الٰہی ظہیرشہید کے فرزند علامہ معتصم الٰہی ظہیر کو سرپرست، حافظ یونس آزاد کو امیر اور ڈاکٹرمطیع اللہ باجوہ کو ناظم وسطی پنجاب مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہم نے وقت اور حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیمی سطح پر مؤثر اور جدید اندازِ قیادت متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب کو تین زونز میں تقسیم کرنے کا مقصد تنظیمی استعداد کو بڑھانا کارکنان کے درمیان ربط مضبوط کرنا اور جماعت کے پیغامِ کو مؤثر انداز میں عام کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ معتصم الہی ظہیر، حافظ یونس آزاد اور ڈاکٹر مطیع اللہ باجوہ جیسے باصلاحیت، باکردار اور متحرک افراد کی نامزدگی اس بات کی غمازی ہے کہ جمعیت اپنی تنظیمی قوت کو عوامی خدمت اور دینی بیداری کے لیے بروئے کار لانے کے مشن پر گامزن ہے ۔حافظ یونس آزاد چالیس سال سے جماعت سے منسلک ہیں 1992میں اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات اور دو بار ناظم اعلی پنجاب رہے ۔اب پہلی بار امیر وسطی پنجاب کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں ۔حافظ یونس آزاد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہایہ میرے لیے اعزاز ہے کہ مجھے یہ عظیم ذمہ داری سونپی گئی اپنے تجربے اور اخلاص کے ساتھ جماعت کی خدمت اور تنظیمی مقاصد کے حصول کے لیے دن رات ایک کر دوں گا۔جبکہ سرپرست وسطی پنجاب علامہ معتصم الہی ظہیر نے عزم ظاہر کیا کہ ہم دینی و اصلاحی سرگرمیوں کو عوامی سطح تک لے جانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے اور ہر علاقے میں تنظیمی نیٹ ورک کو فعال کریں گے ۔ڈاکٹر مطیع اللہ باجوہ نے کہا کہ تنظیم کو یکسوئی، اخلاص اور استقلال کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں