ٹیپا:سائن اور ڈائریکشن بورڈز پر نئی سالانہ فیسیں عائد
لاہور (سٹاف رپورٹر سے) نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی ٹیپا نے شہر بھر میں لگے سائن اور ڈائریکشن بورڈز پر نئی سالانہ فیسیں عائد کر دیں۔۔۔
ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے فیصلے کے مطابق پرانے احکامات منسوخ کر کے نئی فیس پالیسی لاگو کر دی گئی، ٹیپا انتظامیہ فیسوں کی ریکوری میں مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے ،ایک ماہ میں صرف تین لاکھ روپے کی ریکوری، جبکہ پندرہ کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کیے جانے ہیں، ذرائع کے مطابق لاہور میں ماسٹر پلاننگ، روڈ نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کے ذمہ دار ادارے ٹیپا کو نئے مالی سال کے آغاز پر ایک بڑا چیلنج درپیش ہے ۔ ادارے نے سائن اور ڈائریکشن بورڈز کی فیسوں میں اضافہ تو کر دیا، لیکن ریکوری کے میدان میں کارکردگی نہ ہونے کے برابر رہی۔نئے مالی سال کے آغاز پر ٹیپا نے پرانے فیصلے منسوخ کرتے ہوئے ڈائریکشن بورڈز کے لیے سالانہ فیسوں کی نئی پالیسی لاگو کر دی۔ اب کسی بھی ادارے ، کمپنی یا فرد کو ہر سال بورڈ کے بدلے فیس ادا کرنا ہوگی، جس کا آغاز کم از کم پچیس ہزار روپے سے کیا گیا ہے اور ہر سال اس میں دس فیصد اضافہ بھی ہوگا۔ٹیپا نے نئی فیسوں کے نوٹسز باقاعدہ جاری کر دیے ، جن کے تحت پندرہ کروڑ روپے سے زائد کے واجبات ریکور کیے جانے ہیں۔