یوایم ٹی میں اقلیتوں ، فوج سے اظہاریکجہتی کیلئے تقریب
لاہور (خبر نگار ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں اقلیتوں اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔۔
تقریب حکومتِ پنجاب کے ہفتہ مینارٹیز کے سلسلے کی ایک اہم کڑی تھی، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، فیکلٹی ممبران، طلبا، اقلیتی برادری کے نمائندگان اور حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا نے یو ایم ٹی کے طلبا اور سٹاف کے ہمراہ ایک خصوصی واک میں حصہ لیا، سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم، قیادت اور ہنر مندی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اقلیتی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے مواقع دے کر بااختیار بنانا ہوگا ۔صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ مینارٹیز کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دینا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر معزز مہمانان کو سوینئرز پیش کیے ۔