شہر میں 3 بڑے زیر زمین پارکنگ پلازے بنانے کا فیصلہ
لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور کے اندرون شہر میں پارکنگ کا بحران ختم کرنے کے لیے پنجاب حکومت نے بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی کر لی ہے۔
نیلا گنبد، ٹولنٹن مارکیٹ اور ناصر باغ میں زیر زمین پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں گے، پہلا منصوبہ نیلا گنبد انارکلی کا ہے ، جہاں پر تین منزلہ بیسمنٹ پر مشتمل پارکنگ پلازہ بنایا جائے گا، جو سینکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی پارکنگ گنجائش رکھے گا۔ دوسرا منصوبہ ٹولنٹن مارکیٹ مال روڈ کا ہے ، جہاں پر بھی جدید ڈیزائن کے مطابق گراؤنڈ پلس بیسمنٹ پارکنگ تعمیر کی جائے گی۔ تیسرا منصوبہ ناصر باغ میں مکمل کیا جائے گا، جہاں منصوبے کی فزیبیلٹی رپورٹ پہلے ہی تیار کی جا چکی ہے ۔ناصر باغ پارکنگ منصوبہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں پیش کیا گیا، جس کی صدارت سابق وزیراعظم نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں اس منصوبے کی اصولی منظوری دے دی گئی، جبکہ تعمیر کی ذمہ داری ٹیپا کو سونپ دی گئی ہے ۔ ٹیپا آئندہ محکمہ پی این ڈی کے اجلاس میں باضابطہ منظوری حاصل کرنے کے بعد ٹینڈر جاری کرے گی اور تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔حکام کے مطابق تینوں منصوبے رواں مالی سال میں شروع کر دیے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے ٹیپا کو خصوصی فنڈز جاری کیے جائیں گے ۔ ان پارکنگ پلازوں میں خودکار ٹکٹنگ سسٹم، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، سکیورٹی سٹاف اور ایلیویٹرز جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ان منصوبوں سے نہ صرف اندرون شہر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا بلکہ مال روڈ، انارکلی اور ارد گرد کے بازاروں میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا اور پارکنگ کے لیے طویل تلاش کی ضرورت نہیں پڑے گی۔