سبزیاں مقررہ نرخوں سے مہنگی فروخت، انتظامیہ کی بے حسی
لاہور(کامرس رپورٹر سے)مون سون بارشوں کے اثرات سبزی مارکیٹ تک پہنچنے لگے۔ٹماٹر کے نرخ میں پانچ روپے فی کلو اضافہ ہوگیا، ٹماٹر کا سرکاری نرخ 95 روپے کلو مقرر کیا گیا جبکہ مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 140 روپے کلو تک فروخت ہو رہا۔
آلو کا سرکاری نرخ 85 روپے جبکہ مارکیٹ میں آلو 100 روپے کلو فروخت ہو رہا، پیاز کا سرکاری نرخ بدستور 60 روپے لیکن مارکیٹ میں پیاز 80 روپے کلو تک فروخت ہورہا، لہسن چائنہ کا سرکاری نرخ270، مارکیٹ میں لہسن 350روپے کلو تک ،ادرک چائنہ کا نرخ دس روپے اضافے سے490روپے کلورہاجبکہ مارکیٹ میں ادرک 600روپے کلو تک ہے ،لیموں بغیر بیج کاریٹ150 روپے کلو مقرر اورمارکیٹ میں لیموں 200 روپے کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے ،بھنڈی 200،کدو 180 اور شملہ مرچ 230روپے کلو فروخت ہو رہی،عوام کہتے ہیں کہ مہنگائی میں کمی کاسنتے تو ہیں لیکن کوئی چیز خریدنا بھی آسان نہیں ہے، بارشوں کی وجہ سے سبزیوں کی فصل متاثر ہو رہی ہے جبکہ ان کی ترسیل میں بھی تاخیر ہوتی ہے ،اس لئے آنے والے دنوں میں بھی سبزیوں کے نرخوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔