یوای ٹی :ملک کا پہلا ویلڈنگ روبوٹ ڈیکسٹر 6 پرو تیار
لاہور (خبرنگار) یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان نے ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا۔
یو ای ٹی کے ماہر انجینئرزنے ملک کا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ ویلڈنگ روبوٹ ڈیکسٹر 6 پرو کامیابی سے تیار کرلیا، جس کی تقریبِ رونمائی یو ای ٹی لاہور میں منعقد ہوئی۔افتتاحی تقریب میں وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے خصوصی شرکت کی۔ وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ ڈیکسٹر 6 پرو یو ای ٹی کے ماہر انجینئرز کا ایک شاندار اور تاریخی کارنامہ ہے، جو پاکستان کی ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ میں بڑھتی ہوئی مہارت کا واضح ثبوت ہے۔ ڈیکسٹر 6 پرو ایک جدید اور انتہائی درستگی والا روبوٹ ہے ، جو صنعتی معیار کی ایم آئی جی ویلڈنگ کو بے مثال رفتار، درستی اور اعتماد کے ساتھ انجام دیتا ہے۔ یہ کامیابی یو ای ٹی کے انجینئرز کی انتھک محنت، عزم اور حب الوطنی کا نتیجہ ہے۔