کپاس کی پیسٹ سکاٹنگ ہفتہ میں دوبار کرنیکی ہدایت
لاہور(اے پی پی)وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی وسیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب اور ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب باقاعدگی سے کپاس کے علاقوں کے دورے اور کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے مامور ٹیموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اس سلسلہ میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان نے خانیوال و ساہیوال اور ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع چوہدری عبدالحمید نے پیر محل کا دورہ کیا۔اسی طرح ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن محکمہ زراعت پنجاب نوید عظمت کاہلوں نے ملتان، خانیوال، جہانیاں، لودھراں اور حاصل پور کے علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ڈاکٹر عامر رسول نے میاں چنوں، خانیوال اور جہانیاں کا دورہ کیا۔ ترجمان کے مطابق محکمہ زراعت پنجاب کے افسران نے جہانیاں میں ماہر کپاس ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ کے ہمراہ کپاس کی فصل کا معائنہ کیا۔ ماہرین نے دوروں کے دوران کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کپاس کی فصل کی پیسٹ سکاٹنگ باقاعدگی سے ہفتہ میں دو بار کریں۔ انہوں نے کاشتکاروں کو کپاس کی بہتر نگہداشت کے ساتھ ساتھ صاف چنائی بارے بھی رہنمائی فراہم کی۔