کینٹ : 2منشیات فروش گرفتار، 65 بوتلیں شراب برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) کینٹ ڈویژن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو ملزموں کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کی 65 بوتلیں شراب برآمد کر لی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنس سی پولیس نے دو منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ گرفتار ہونے والوں میں کیرس مسیح اور ایک خاتون ملزمہ مریم شامل ہیں۔ دونوں ملزمان جدید ذرائع سے آن لائن منشیات منگوا کر لاہور کے پوش علاقوں میں سپلائی کرتے تھے ۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔دریں اثنا شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں عمرے پر گئی فیملی کے گھر واردات کرنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ترجمان کے مطابق شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 3 رکنی ہاؤس رابری گینگ کو گرفتار کیا۔ملزمان نے واردات کے دوران گھر میں موجود خواتین کو کمرے میں بند کر کے لوٹ مار کی۔ گرفتار ملزمان میں حسن رضا، سجاد اور حبیب شامل ہیں جبکہ واردات میں ایک محلے دار نے بھی ملزمان کی معاونت کی۔