ایس ایس پی کااردل روم ، پولیس افسروں ، اہلکاروں کو سزائیں
الزامات ثابت ہونے پر 4 اہلکار برطرف وتنزلی کی سزا،8کی سروس ضبط
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کی زیر صدارت اردل روم میں پولیس افسروں اور اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ترجمان کے مطابق ایس ایس پی نے اپنے دفتر میں 41 شوکاز نوٹسز پر سماعت کی، جہاں کرپشن، ناقص تفتیش اور اختیارات سے تجاوز کے الزامات ثابت ہونے پر 4 پولیس ملازمین کو ملازمت سے برطرف اور عہدے میں تنزلی کی سزائیں سنائی گئیں۔علاوہ ازیں مختلف الزامات ثابت ہونے پر 8 پولیس افسروں کو سروس ضبطگی جبکہ 8 دیگر افسروں کو مختلف سخت سزائیں دی گئیں۔رپورٹ کے مطابق رواں سال اردل رومز میں پولیس افسروں و اہلکاروں کے 1132 شوکاز نوٹسز پر سماعت کی گئی، جن میں 23 اہلکاروں کو برطرف، 23 کو عہدے میں تنزلی، 276 کو سروس ضبطگی اور متعدد کو دیگر محکمانہ سزائیں دی گئیں۔ایس ایس پی کاکہناہے کہ محکمہ پولیس میں خود احتسابی کا موثر اور شفاف نظام موجود ہے ۔ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر سخت احتساب کیا جائے گا۔