ٹنل بورنگ منصوبے کے ٹینڈرز کیلئے نئی ڈیڈ لائن مقرر
نئی ڈیڈ لائن 15 جنوری ، اس سے قبل دسمبر میں ٹینڈرز کی تاریخ تھی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی کے حامل ٹنل بورنگ منصوبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔ پنجاب حکومت نے منصوبے کے ٹینڈرز کے لیے تاریخ میں باقاعدہ توسیع کرتے ہوئے نئی ڈیڈ لائن 15 جنوری 2026 مقرر کر دی ہے ۔ اس سے قبل دسمبر 2025 میں ٹینڈرز اوپن کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم شفاف اور جامع مقابلتی عمل کے لیے وقت بڑھا دیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت منصوبے کی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے ، جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے تعاون سے یہ میگا پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت نے بھی پہلی بار سیوریج لائن بچھانے کے لیے ٹرنچ لیس ٹیکنالوجی اور ٹنل بورنگ مشین کے استعمال کی منظوری دے دی ہے ، جو پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی مثال ہے ۔ منصوبے کے تحت لاریکس کالونی، کراچی پھاٹک سے گلشن راوی تک زیرِ زمین نیا سیوریج سسٹم بچھایا جائے گا۔ ٹنل بورنگ کے ذریعے لائن ڈالنے سے شہری علاقوں میں کھدائی، ٹریفک مسائل اور سڑکوں کے ٹوٹ پھوٹ سے بچاؤ ممکن ہو گا، جبکہ 23 لاکھ 50 ہزار سے زائد آبادی کے دیرینہ سیوریج مسائل مستقل طور پر حل ہونے کی توقع ہے ۔واسا حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ رواں مالی سال ہی شروع کیا جائے گا، جس کے بعد لاہور کے سیوریج ڈھانچے میں نئی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھ دی جائے گی۔