ہائی ، ہائر سیکنڈری سکول بھی آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
پائلٹ سکول سمیت چھ بڑے تعلیمی ادارے ابتدائی فہرست میں شامل
لاہور(خبر نگار)سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا ہے ۔ پرائمری کے بعد اب ہائی اور ہائر سیکنڈری سکول بھی آؤٹ سورس کرنے کی فہرست میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے اس پر باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سرکاری سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ ایک بار پھر خبر ساز بن گیا ہے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکول آف ایمننس کے تحت ہائی اور ہائر سیکنڈری سکول بھی نجی شعبے کے حوالے کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا ہے ۔حکام کے مطابق پنجاب کی ہر تحصیل میں کم از کم دو بڑے سکول ایک بوائز اور ایک گرلز آؤٹ سورس کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے ۔لاہور میں پائلٹ سکول، اے ہی ایس سکول، گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول سمیت چھ بڑے تعلیمی ادارے ابتدائی فہرست میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ان سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کی شرائط وہی پرانی رکھی جائیں گی جو پہلے مرحلے میں پرائمری سکول آؤٹ سورس کرتے وقت طے کی گئی تھیں۔اساتذہ کی تنظیموں نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ محکمہ سکول ایجوکیشن کا دعویٰ ہے کہ آؤٹ سورسنگ کا مقصد سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے ۔