شمالی لاہورپیکیج ،8منصوبوں پر 3ارب 65 کروڑخرچ ہونگے
ایل ڈی اے ‘ٹیپا ‘سڑکوں‘ گلیوں‘سیوریج انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر بہتر بنائینگے
لاہور (شیخ زین العابدین)شمالی لاہور کیلئے تیار میگا ترقیاتی پیکیج کی تفصیلات سامنے آگئیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد ڈیزائن وتخمینہ لاگت فائنل،ایل ڈی اے اور ٹیپا مختلف علاقوں میں 8منصوبوں پر کام کرینگے جن پر 3ارب 65 کروڑ 30لاکھ روپے خرچ ہونگے ۔سڑکوں، گلیوں ،سیوریج انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر بہتر بنایا جائیگا ، منصوبے 4 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔ پیکیج کے تحت ایل ڈی اے ایریا ون میں5 ترقیاتی کام کریگا، سب سے بڑا منصوبہ کچا رحیم روڈ اور مصری شاہ کا ہے جس پر 62کروڑ 79لاکھ ،شادباغ، مصری شاہ پیکیج کی لاگت 52کروڑ 88 لاکھ ،مصری شاہ گروپ ون گلیوں کی تعمیر پر 26 کروڑ 47لاکھ ،گروپ بی مصری شاہ کی گلیوں پر 23 کروڑ 92لاکھ ، عزیز روڈپر 19کروڑ 93لاکھ خر چ ہونگے ۔اسی پیکیج کا حصہ ہوتے ہوئے ٹیپا نے بھی مصری شاہ میں 3 ترقیاتی گروپ تشکیل دیئے ہیں۔ منصوبوں میں اکبر روڈ ڈرین کیلئے 25 کروڑ 30 لاکھ ،سلطان پورہ روڈ اور خیر دین روڈ کیلئے 26 کروڑ 29 لاکھ اور جی ٹی روڈ کی آبادیوں میں بہتری کیلئے 26 کروڑ 72 لاکھ کی لاگت شامل ہے ۔ٹیپا کے تینوں منصوبے پر بھی کام جلد شروع ہونے کا امکان ہے ۔