60کروڑ جاری ، میوزیم کے بحالی منصوبے پر کام کا آغاز
منصوبے پر مجموعی طور پر 10 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے :حکام
لاہور(سہیل احمد قیصر)لاہور میوزیم کی بڑے پیمانے پر بحالی کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے ، حکومت پنجاب نے پہلے مرحلے کے لئے 60 کروڑ روپے جاری کردئیے ہیں۔منصوبے پر مجموعی طور پر 10 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہورکا عجائب گھر ملک کا سب سے قدیم میوزیم ہے جو 1890 میں قائم کیا گیا تھا۔ لاہورمیوزیم اپنے اندر نوادرات کا ایک نادر خزانہ سمیٹے ہوئے ہے جس کے باعث ہرسال ملکی سیاحوں کے علاوہ غیرملکی سیاح بھی بڑی تعداد میں میوزیم کا وزٹ کرتے ہیں۔ 1890کے بعد اب پہلی مرتبہ اِس کی بڑے پیمانے پر بحالی کے منصوبے پر کام کا آغازکردیا گیا ہے ۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 10 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ ابتدائی مرحلے کے لیے 60 کروڑروپے جاری کر دئیے گئے ہیں۔ تین سالہ منصوبے میں معاونت کے لیے غیرملکی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے دوران اِس بات پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی جائے گی کہ اِس کی اصل ہیئت کو کوئی نقصان نہ پہنچے ۔ میوزیم حکام کے مطابق اِس دوران میوزیم میں موجود نوادرات کو دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے گا ۔ اِس مقصد کے لیے جگہ کا انتخاب بھی کیا جاچکا ہے ۔