محمود بوٹی پراجیکٹ :گیس کے اخراج کیلئے آلات نصب
بارش اور نکاسی آب کو منظم کرنے کے لیے واٹر ڈسچارج چینل بھی مکمل
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )روڈا کے زیرِ انتظام ری ہبیلی ٹیشن آف محمود بوٹی پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے ۔ دہائیوں سے آلودگی کی علامت بننے والی یہ ڈمپنگ سائٹ اب جدید ماحولیاتی اصولوں کے مطابق نئی شکل اختیار کر رہی ہے ۔ روڈا کے شعبہ ماحولیات نے اس مقام کو سات الگ الگ کورز سے مکمل طور پر ڈھانپ دیا ہے تاکہ مٹی و آلودہ ذرات فضا میں شامل نہ ہوں۔ڈمپنگ سائٹ میں جمع میتھین گیس کے محفوظ اخراج کیلئے خصوصی آلات نصب کیے گئے ہیں، جبکہ بارش اور نکاسیٔ آب کو منظم کرنے کے لیے واٹر ڈسچارج چینل بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ آلودگی کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کے لیے ائیر کوالٹی میٹرز نصب کیے گئے ہیں جو فضا میں آلودہ ذرات کے لیول کو چوبیس گھنٹے مانیٹر کرتے ہیں۔حیران کن طور پر محمود بوٹی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں نمایاں بہتری رپورٹ ہوئی ہے ۔ ماہرین کے مطابق یہاں فضا میں بہتری کی بڑی وجہ رنگ روڈ سے اٹھنے والے دھوئیں اور صنعتی علاقوں کے فضلے پر مؤثر کنٹرول ہے ۔