70 ہزار دکانوں کے سائن بورڈز تبدیل کرنیکافیصلہ
کمرشل عمارتوں کیلئے نیا فساڈ لازمی ،بلڈنگ زوننگ ریگولیشنز میں ترمیم
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے دکانوں اور کمرشل پلازہ جات کے فساڈ سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے تحت شہر بھر کے کمرشل علاقوں کی مجموعی شکل و صورت تبدیل کی جائے گی۔ اس فیصلے کے مطابق لاہور میں تقریباً ستر ہزار دکانوں کے سائن بورڈز تبدیل کیے جائیں گے ۔ایل ڈی اے نے بلڈنگ زوننگ ریگولیشنز میں ترمیم کر دی ہے ، جس کے بعد کمرشل عمارتوں کے لیے نیا فساڈ لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔ تمام مین شاہراہوں اور ایل ڈی اے کنٹرول ایریاز میں واقع دکانوں اور پلازہ جات کو مقررہ پیرا میٹرز کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا۔بورڈ یا فساڈ تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایل ڈی اے براہِ راست کارروائی کرے گا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے بورڈز زبردستی ہٹائے جائیں گے ، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نیا فساڈ نصب نہ کرنے والے تاجروں کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔فیصلے کے باعث تاجروں پر اضافی مالی دباؤ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، جبکہ خاص طور پر چھوٹے دکانداروں کے متاثر ہونے کی نشاندہی بھی کی گئی ہے ۔