فنڈزکی کمی :ایل ڈی اے کا ماڈل کچی آبادیاں منصوبہ تعطل کا شکار

 فنڈزکی کمی :ایل ڈی اے کا ماڈل کچی آبادیاں منصوبہ تعطل کا شکار

آبادیوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سائن بورڈز لگانے کا کام بھی ادھورا پارکس کی سہولت کا منصوبہ بھی فائلوں تک محدود رہا،مکین بنیادی سہولیات کے منتظر

 لاہور (سٹاف رپورٹرسے ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے ) نے دس سال بعد اپنے زیرِ انتظام کچی آبادیوں کو اپ گریڈ کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کیا اور تمام جائزوں کے بعد کچی آبادیوں کو ماڈل کچی آبادیاں بنانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی طور پر دو کچی آبادیوں کو ماڈل کچی آبادیاں ڈکلیئر کیا گیا، جن میں خان کالونی نزد ماڈل ٹاؤن کچہری اور نواز شریف کچی آبادی فیروز پور روڈ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے متعلقہ افسروں کو سات روز کے اندر کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کی فزیبلٹی رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی تھی، جس میں بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر اور شہری بہتری کے منصوبے شامل کیے گئے تھے ۔تاہم پنجاب حکومت اور ایل ڈی اے کی جانب سے بجٹ میں کچی آبادیوں کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص نہ کیے جانے کے باعث ماڈل کچی آبادیاں بنانے کا منصوبہ ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گیا۔ فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو بنیادی اور تفریحی سہولیات فراہم نہیں کی جا سکیں، جبکہ پی سی سی سڑکوں، واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبوں کے لیے رقوم بھی جاری نہ ہو سکیں۔ماڈل کچی آبادیوں میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے سائن بورڈز لگانے کا کام بھی ادھورا ہے اور دستیاب اراضی کو مدنظر رکھتے ہوئے پارکس کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی فائلوں تک محدود رہا۔ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث ایل ڈی اے کا یہ منصوبہ ایک بار پھر ٹھپ ہو چکا ہے ، اور ہزاروں مکین بنیادی سہولیات کے انتظار میں ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں